اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اڑان پاکستان ملکی ترقی اور خوشحالی کا جامع پروگرام ہے، جس کے تحت معیشت کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے ۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا کردار زندگی کے ہر شعبے میں تیزی سے بڑھ رہا ہے ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہی ترقی کی رفتار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا مقامی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
موسمیاتی تبدیلی کو بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے اس سے نمٹنے کے لیے جامع حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مستقبل کی معیشت میں خلائی ٹیکنالوجی کلیدی کردار ادا کرے گی۔ ترقی یافتہ ممالک خلائی تحقیق میں بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں، پاکستان کو بھی اس شعبے میں استعداد بڑھانے اور جدید تحقیق کی جانب توجہ دینا ہوگی۔












جمعہ 26 دسمبر 2025 