برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف ہماری اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

Calender Icon بدھ 7 جنوری 2026

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات کے فروغ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کے حصول کو حکومت کی ترجیح قرار دیا گیا۔ وزیراعظم نے خصوصاً زرعی برآمدات میں اضافے اور تجارتی خسارے میں کمی کے لیے واضح اور قابلِ عمل لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے چاول کی برآمدات میں اضافے کے لیے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ برآمدات میں اضافے اور ایکسپورٹرز کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات پر کام تیز کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ برآمد کنندگان کو ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔

اجلاس کو برآمدات میں اضافے سے متعلق حکومتی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں جولائی تا دسمبر 2025 کے تجارتی اعداد و شمار پیش کیے گئے۔ شرکاء کو ہائی ویلیو سیکٹرز، جن میں انجینئرنگ، ادویات، میڈیکل ڈیوائسز اور پراسیسڈ فوڈ شامل ہیں، کی برآمدات بڑھانے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی برآمدات کو گلوبل ویلیو چین کا حصہ بنانے پر کام جاری ہے، جبکہ ایکسپورٹرز کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بندرگاہوں اور لاجسٹکس نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے۔اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ چاول کی برآمدات کے حوالے سے متعدد ممالک کے ساتھ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدوں پر بات چیت جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔