پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے روسی صدر کو اسناد سفارت پیش کردیں

Calender Icon جمعہ 16 جنوری 2026

روس میں پاکستان کے نئے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اپنی سفارتی اسناد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو کریملن پیلس میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران پیش کر دیں۔

اس موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے روسی صدر کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ صدر پیوٹن نے پاکستان کو روس کا قریبی شراکت دار قرار دیتے ہوئے دو طرفہ تعاون میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

روسی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، سفارت کاری، تعلیم، زراعت، صحت، صنعت، ریلوے اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون فروغ پا رہا ہے۔

فیصل نیاز ترمذی نے 26 اکتوبر 2025 کو ماسکو میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ ان کی ترجیحات میں توانائی، تجارت، رابطہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط کے فروغ کے ساتھ روس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح شامل ہے۔

فیصل نیاز ترمذی ایک سینئر کیریئر سفارتکار ہیں۔ وہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات اور کرغزستان میں پاکستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں بین الاقوامی سفارتی خدمات پر اعلیٰ اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔