ٹیکس اصلاحات کی مثبت سمت، حکومتی محصولات میں نمایاں اضافہ

Calender Icon جمعہ 16 جنوری 2026

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) مالی سال 2025 کے دوران وفاقی حکومت نے ٹیکس اور لیویز کی مد میں 130 کھرب روپے یعنی 13 ٹریلین روپے سے زائد رقم جمع کی ہے۔ یہ وفاق کی جانب سے حاصل کی گئی ٹیکس محصولات ملکی مجموعی پیداوار (جی ڈی پی) کے تقریباً 11.3 فیصد کے برابر بنتی ہیں۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق موجودہ رفتار کو مدنظر رکھا جائے تو وفاقی ٹیکس وصولیاں جون 2028 تک جی ڈی پی کے 15 فیصد کے مقررہ ہدف کی جانب بڑھ رہی ہیں، جو مالی نظم و ضبط اور اصلاحات کی سمت ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ وفاق کی طرز پر صوبائی حکومتوں کو بھی اپنے ٹیکس موصولات کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ صوبائی حکومتیں وفاق کے مقابلے میں مجموعی طور پر صرف 0.85 فیصد کی سطح پر کھڑی ہیں، حالانکہ ان کے پاس خدمات اور زراعت جیسے مؤثر ٹیکس ذرائع موجود ہیں۔

خرم شہزاد کے مطابق اس امر کی ضرورت ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر مزید متوازن اصلاحات کے ذریعے ہر سطح پر ٹیکس وصولی کی کوششوں کو مضبوط بنائیں تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔

مشیر وزیر خزانہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکس اور لیویز کی مد میں 13 کھرب روپے کی وصولی کو ایک حوصلہ افزا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مالی نظم و نسق اور اصلاحاتی اقدامات کی کامیابی کا مظہر ہے۔