وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس میں شرکت

Calender Icon بدھ 21 جنوری 2026

ڈیووس (نیوز ڈیسک)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے ڈیووس میں موجود ہیں، جہاں آج ان کا دن اہم سفارتی اور اقتصادی مصروفیات سے بھرپور ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ بریک فاسٹ تقریب میں شرکت کریں گے اور شرکاء سے خطاب بھی کریں گے، جسے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی نیوز) پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم عالمی رہنماؤں کی ایک غیر رسمی ملاقات میں بھی شریک ہوں گے، جس کا اس سال کا موضوع “تقسیم شدہ عالمی منظر نامے میں مکالمے کی اہمیت” رکھا گیا ہے۔ اس نشست میں عالمی چیلنجز، باہمی تعاون اور مذاکرات کی ضرورت پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

اسی دوران وزیرِ اعظم کی عالمی مالیاتی ادارے کی مینجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر گفتگو کی جائے گی۔

ورلڈ اکنامک فورم کی سائیڈ لائنز پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کی مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دو طرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، عالمی معاشی رجحانات اور علاقائی امور زیرِ بحث آئیں گے۔