ملک میں شدید برف باری اور سرد موسم کے باعث پاک فوج کی جانب سے عارضی طور پر انخلا کرنے والے شہریوں کے لیے امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں۔ پاک فوج برف باری کے دوران تیراہ سے آنے والی سڑکوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہے تاکہ مکینوں کو محفوظ اور آسان نقل مکانی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
برف باری کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں پاک فوج مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنا رہی ہے۔ اس دوران پاک فوج نے 20 پھنسے ہوئے شہریوں کو کامیابی سے ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
پاک فوج نے تیراہ ایڈمنسٹریٹو کمپلیکس میں متاثرین کے لیے 200 بستروں پر مشتمل عارضی رہائش کی تیاری مکمل کر لی ہے، جہاں متاثرہ افراد کو خوراک، گرم رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
متاثرہ خاندانوں کے لیے ٹرانسپورٹ اور نقل مکانی کے انتظامات منظم انداز میں کیے گئے ہیں تاکہ کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ بچوں، بزرگوں اور معذور افراد کی خصوصی دیکھ بھال کے لیے الگ انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں فوری بحران کی تشخیص اور صورتحال کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
پاک فوج کے یہ اقدامات اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ ریاست مشکل حالات میں اپنے شہریوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتی ہے۔












جمعہ 23 جنوری 2026 