رانا مشہود، سعودی سفیر ملاقات، نوجوانوں، تعلیم و تعاون پر گفتگو

Calender Icon جمعرات 29 جنوری 2026

رانا مشہود، سعودی سفیر ملاقات، نوجوانوں، تعلیم و تعاون پر گفتگو

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں نوجوانوں، تعلیم اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کےد وران رانا مشہود احمد نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کے لیے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں اور تعلیم و ہنر سے آراستہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے سعودی عرب اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے لیے پروڈکٹیو اور بیرونِ ملک روزگار حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے پاک سعودی تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کو دونوں برادر اسلامی ممالک کے عوام کی خوشحالی کے لیے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ مشترکہ اہداف، باہمی ہم آہنگی اور نوجوانوں پر مرکوز اقدامات کے لیے مزید عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم پر قائم ہیں اور تعلقات کو مضبوط بنا کر ترقی کی جانب گامزن ہیں۔

رانا مشہود احمد نے کہا کہ نئے اہداف اور معیار مقرر کرتے ہوئے مشترکہ تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا اور بھائی چارے اور دوستانہ تعلقات کو برقرار رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط کو فروغ دیا جائے گا۔

سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے الوفا فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام “الوفا انٹرنیشنل یونیورسٹی” کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ نوجوان دونوں ممالک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے اور یونیورسٹیوں کو سعودی جامعات کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔

رانا مشہود احمد نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔