اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو اور کمشنر علی فرید خواجہ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کو جدید بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ کیپٹل مارکیٹس میں نئے سرمایہ کاروں کو شامل کرنا اولین ترجیح ہے اور بینکوں پر انحصار کم کر کے ڈیٹ کیپٹل مارکیٹس کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیٹ مارکیٹس میں لاگت اور رکاوٹیں کم کرنے کے لیے اصلاحات کی جائیں اور سرمایہ کاروں کے لیے تیز اور مکمل ڈیجیٹل آن بورڈنگ کا عمل شروع کیا جائے ۔ وزیر خزانہ نے رسک بیسڈ کے وائی سی اور ڈیجیٹل اکاؤنٹ اوپننگ کو مزید سہل بنانے پر بھی زور دیا۔
ایس ای سی پی کے چئیرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ کیپٹل مارکیٹ میں شفافیت لانے کے لیے ڈیجیٹل اصلاحات کی جائیں گی اور فنانس ڈویژن کے تعاون سے ڈیٹ کیپٹل مارکیٹس کے فروغ کے لیے کام کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشورنس، پنشن فنڈز اور ریٹیل سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
ملاقات میں نجکاری کے لیے کیپٹل مارکیٹس کے مؤثر استعمال، این بی ایف سیز، ایس ایم ای فنانسنگ اور انشورنس فریم ورک کے از سر نو جائزے پر بھی غور کیا گیا۔












جمعہ 30 جنوری 2026 