بلوچستان میں دشمن کے بزدلانہ حملوں کے دوران بلوچ نوجوان کی لازوال قربانی

Calender Icon ہفتہ 7 فروری 2026

کوئٹہ(نیوز ڈیسک) بلوچستان میں دشمن کے بزدلانہ حملوں کے دوران ایک اور بلوچ نوجوان نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر حب الوطنی کی روشن مثال قائم کر دی۔ دشمن کے ناپاک عزائم کو بلوچ سرزمین کے غیور بیٹوں نے اپنے حوصلے اور قربانی سے ناکام بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کا بہادر نوجوان گارڈ محمد نعیم فتنہ الہندوستان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گیا اور عوام کو بچاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گیا۔ اہل علاقہ کے مطابق محمد نعیم اپنی ڈیوٹی ہمیشہ قومی ذمہ داری اور حب الوطنی کے اعلیٰ جذبے کے تحت انجام دیتا تھا اور عوام کی حفاظت کو اپنا فرض سمجھتا تھا۔

شہید محمد نعیم کی بیٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے حملے کے دوران میرے بہادر والد نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے لوگوں کو محفوظ بنانے کی کوشش کی اور اسی دوران شہید ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد نے ہمیشہ ہمیں سکھایا کہ وطن اور عوام کی حفاظت سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔

شہید کی اہلیہ نے رنج و غم کے عالم میں کہا کہ ظالموں نے ظلم کرنے سے پہلے یہ بھی نہیں سوچا کہ محمد نعیم گھر کا واحد کفیل تھا، جس کی شہادت سے پورا خاندان اجڑ گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار عناصر کو سخت سزا دی جائے تاکہ کسی اور گھر کا چراغ اس طرح نہ بجھے۔

مقامی عمائدین اور شہریوں نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد نعیم کی عظیم قربانی فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم پر کاری ضرب ثابت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچ نوجوانوں نے ہمیشہ پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور یہ سلسلہ قربانی آج بھی جاری ہے۔