افغانستان میں سرگرم 20 سے زیادہ دہشت گرد تنظیمیں دنیا کیلئے خطرہ ہیں: بلال اظہر کیانی

Calender Icon اتوار 8 فروری 2026

وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ 20 سے زیادہ دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے کام کر رہی ہیں اور یہ تنظیمیں صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے لیے بھی خطرہ ہیں۔

لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر ریاست کو حق ہے کہ اپنے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے، پاکستان اب سخت اقدامات کر رہا ہے اور مستقبل میں بھی نتیجہ خیز بات چیت کے لیے تیار ہے، افغانستان کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مثبت اور دیرپا اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ انسانی بنیادوں پر دی جانے والی امداد طالبان رجیم کی مضبوطی پر خرچ ہو رہی ہے، ہم پاکستان میں امن چاہتے ہیں، مختلف آپریشنز میں مارے جانے والے متعدد افغانی دہشت گرد تھے، ٹی ٹی پی کو محفوظ ٹھکانے افغانستان سے فراہم کیے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چار دہائیوں تک افغانیوں کے لیے اپنے دروازے کھولے رکھے اور کھلے دل سے افغان بہن بھائیوں کی مدد کی، تاہم اب ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں کہ ان حالات میں مدد جاری رکھیں۔

وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ افغان شہریوں کو مرحلہ وار واپس بھیجا جا رہا ہے اور کوئی ملک بھی بغیر دستاویزات یا رجسٹریشن کے دوسرے ملک کے شہریوں کو نہیں رکھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی بنیادوں پر مدد کے لیے تیار ہے لیکن افغان حکومت کو دہشت گردی روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔