وزیراعظم محمد شہباز شریف کا نیپرا کی جانب سے سولر کے حوالے سے نئے ریگیولیشنز کے اجراء کا فوری نوٹس

Calender Icon بدھ 11 فروری 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیپرا کی جانب سے سولر کے حوالے سے نئے ریگولیشنز کے اجراء کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پاور ڈویژن نے نیپرا کو سولر صارفین کے موجودہ کنٹریکٹس کے تحفظ کے لیے فوری نظرِ ثانی کی اپیل دائر کرنے کی ہدایت دی تاکہ موجودہ کنٹریکٹس کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سولر سے مستفید ہونے والے 4 لاکھ 66 ہزار صارفین کا بوجھ 3 کروڑ 76 لاکھ سے زائد صرف نیشنل گرڈ سے بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر منتقل نہ ہو، اس ضمن میں پاور ڈویژن ایک جامع لائحہ عمل تشکیل دے۔

نیپرا کی جانب سے نئے ریگولیشنز کے اجراء پر آج اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرِ صدارت اعلی سطح خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر نجکاری محمد علی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں موجودہ صارفین کے تحفظ، سولر سیکٹر کی ترقی اور نیشنل گرڈ پر غیر ضروری بوجھ سے بچاؤ کے لیے عملی اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ سولر صارفین کے مفادات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ریگولیشنز کا اطلاق شفاف اور متوازن طریقے سے کیا جائے۔