پنجاب بھر میں رمضان بازار فعال کر دئیے گئے ہیں، مریم نواز

Calender Icon منگل 17 فروری 2026

لاہور:(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت رمضان نگہبان پروگرام کے حوالے سے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے 40 لاکھ خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی، ہر خاندان کو 10،10 ہزار روپے مہیا کیے جائیں گے۔ 4 لاکھ سے زائد کارڈ پہلے ہی گھروں کی دہلیز پر پہنچ چکے ہیں اور 10 رمضان تک تمام 40 لاکھ خاندانوں کو یہ کارڈ فراہم کر دیے جائیں گے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے رمضان المبارک میں مہنگائی، منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف خصوصی اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ تمام کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ عوام کو ریلیف یقینی بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں۔ پیرا فورس کو اشیائے خوردنوش کی فراہمی اور نرخوں پر نظر رکھنے کا کام سونپا گیا ہے اور ناجائز پیسے مانگنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

رمضان المبارک میں سہولت بازار اور رمضان بازار پورے پنجاب کے شہروں میں فعال کر دیے گئے ہیں۔ سہولت بازاروں میں اشیائے خوردونوش مارکیٹ سے 15 فیصد سستی فراہم کی جا رہی ہے اور عوام کو فری ہوم ڈیلیوری کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ مری، رحیم یار خان، اٹک، کوٹ ادو، بہاولنگر، جہلم، منڈی بہاوالدین اور ننکانہ صاحب سمیت دیگر شہروں میں بھی رمضان بازار فعال ہیں۔ سہولت بازاروں میں بزرگوں، خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی ایریاز اور ٹائلٹ و صفائی ستھرائی کا خیال رکھا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں تمام شہروں میں دسترخوان لگائے جائیں گے، جہاں اعلیٰ معیار کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔ پورے صوبے میں دس کلو آٹے کی قیمت 900 روپے رکھی گئی ہے۔ مساجد، لاری اڈے اور ریلوے اسٹیشنز پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ شہروں کو خصوصی طور پر سجایا اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے گا۔

مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ ضرورت مند افراد سہولت بازار سے راشن خریدیں اور صاحب حیثیت افراد اپنے دسترخوان غریب اور روزے داروں کے لیے وسیع کریں۔