پٹرول اور ڈیزل 55 روپے مہنگے، عالمی صورتحال کے پیش نظر مزید سخت فیصلے بھی کریں گے، حکومت

Calender Icon ہفتہ 7 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ، پٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 55روپے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا ہے‘اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 321روپے 17پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہےجس کا اطلاق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سے ہوگیا ہے‘اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن کر دیا ہے۔جمعہ کو نائب وزیراعظم اوروزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار‘وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت ہمارے پاس پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی بھی اچھی تعداد ہے تاہم اگر یہ سلسلہ زیادہ چلا تو صورت حال تبدیل ہوسکتی ہے‘عالمی صورت حال کو دیکھتے ہوئے حکومت مزیدسخت فیصلے بھی کرے گی‘وزیراعظم چاہتے ہیں عوام پرکم ازکم بوجھ ڈالاجائے ‘ جیسے ہی معاملات بہتر ہوں گے اسی پھرتی کے ساتھ قیمتیں کم کریں گے‘ موجودہ صورتحال ختم ہونے کی کوئی تاریخ متعین نہیں‘کشیدگی میں کمی کیلئے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بھی دوسرے ممالک سے رابطے میں ہیں‘سعودی آرامکونے بھی ینبع پورٹ سے بڑے جہاز کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کو ہمارے سمندروں میں لا کر کھڑا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں جنگ کی صورتحال ہے‘ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں‘ وزیراعظم اس متعلق بہت فکر مند ہیں، وزیراعظم نے جمعہ کو خود میٹنگ کی ہےجس میں صورتحال کاجائزہ لیا،انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھنا ہے کہ کتنا اضافہ کرنا ہے، ،متوازن کرکے ہم نے کوئی راستہ نکالنا تھا‘ہم نے دیگر ملکوں کےوزرائے خارجہ سے رابطے کیے ‘ پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ ساتھیوں کو ساتھ ملا کر کشیدگی کم کرائی جائے، اس کشیدگی کو کم کرنے میں کتنی دیر لگے گی دیکھنا ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بھی دوسرے ممالک سے اپنے ہم منصبوں سے رابطے میں ہیں‘پانچ روز گزر چکے ہیں روز جائزہ لیتے ہیں‘قیمتوں میں ہر روز خطیر اضافہ ہورہا ہے۔وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ ہم غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں‘پڑوس میں شروع ہونے والی صورتحال نے پورےخطےکو لپیٹ میں لے لیا ہے‘ہم نے صورتحال کے مطابق اپنے ذخائر کو بڑھا لیا تھا اور ہماری کوشش ہےکہ بطور ریاست اس کام کو حکمت کے تحت آگےلےکر چلیں ۔ انہوں نے علان کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا مشکل فیصلہ کیا ہے‘پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 55 روپے اضافے کا فیصلہ کیا گیا جیسے ہی معاملات بہتر ہوں گے اسی پھرتی کے ساتھ قیمتیں کم کریں گے اور ہم ہفتہ وار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیں گے۔ وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے جو کمیٹی تشکیل دی وہ پانچ روز سے کام کررہی ہے اور عالمی سطح پر بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خطیر اضافہ ہورہا ہے اور اس حوالے سے ہماری روزانہ میٹنگ ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ توانائی کا براہ راست تعلق پاکستانی معیشت سے ہے جس کو ہم دیکھ رہے ہیں۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم اس وقت مستحکم پوزیشن میں ہیں اور پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی بھی اچھی تعداد ہے تاہم اگر یہ سلسلہ زیادہ چلا تو صورت حال تبدیل ہوسکتی ہے، صورت حال کو دیکھتے ہوئے حکومت مزید فیصلے بھی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کمیٹی اگلے دو روز میں وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکریٹریز کے ساتھ بھی ملاقات کرے گی اور حالات کا جائزہ لیا جائے گا اور ہم صوبوں کو ریلیف دیں گے۔ وفاقی حکومت نے پیٹرول پر لیوی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔حکومتی فیصلے کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر لیوی میں 20 روپے 97 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول پر لیوی بڑھ کر 105 روپے 37 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔حکام کے مطابق پیٹرول پر لیوی میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 84 روپے 40 پیسے مقرر تھی، تاہم نئے اضافے کے بعد اس میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔