ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کی خبریں بے بنیاد، کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا: اوگرا

Calender Icon بدھ 11 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے ترجمان عمران غزنوی نے کہا ہے کہ مائع پیٹرولیم گیس کی قیمتیں مقررہ طریقۂ کار کے تحت ہر ماہ کی یکم تاریخ سے صرف ماہانہ بنیاد پر جاری کی جاتی ہیں۔

ترجمان کے مطابق اس وقت اتھارٹی کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت میں کسی نئے اضافے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، لہٰذا قیمتوں میں اضافے سے متعلق گردش کرنے والی تمام خبریں اور افواہیں بے بنیاد اور غلط ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ صرف اتھارٹی کی مقرر کردہ قیمتوں پر ہی عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اگر کہیں مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت وصول کرنے یا قیمتوں میں ردوبدل کی شکایت سامنے آئے تو فوری طور پر متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دی جائے تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

ترجمان عمران غزنوی نے مزید کہا کہ Oil and Gas Regulatory Authority ملک بھر میں مائع پیٹرولیم گیس کی منڈی میں صارفین کے مفادات کے تحفظ، شفافیت اور قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔