یوم نوروز پرتمام افراد کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، شہباز شریف

Calender Icon جمعرات 19 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوزڈیسک)یوم نوروز پر پاکستان میں مقیم پارسی برادری اور دنیا بھر میں اس دن کو منانے والے تمام افراد کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔نوروز بہار کی آمد، نئے آغاز اور نئی امید کی علامت ہے۔ یہ تہوار امن و محبت ، دوستی، ہم آہنگی اور ثقافتوں کے درمیان یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ پاکستان کےقومی تشخص اور نوروز میں ثقافتی تنوع کا احترام، مذہبی آزادی کا تحفظ اور پُرامن بقائے باہمی جیسی اقدار مشترک ہیں۔آئین پاکستان تمام شہریوں کی مذہبی عبادات کو تحفظ دیتا ہے۔ آئین پاکستان کی روشنی میں بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کے لیے موثر پالیسی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ حکومت نےمذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پالیسی برائے بین المذاہب ہم آہنگی (2025) اور حکمت عملی برائے مذہبی رواداری (2025) کی شکل میں جامع حکمت عملی اپنائی ہے۔ ان پالیسی اقدامات کا مقصد مذاہب کے مابین مکالمہ کے فروغ، تنازعات کے حل کا موثر نظام، نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام اور مشترکہ انسانی اقدار کے شعور کو اجاگر کرنا شامل ہے۔ملک میں موجود تمام مذاہب کے پیروکاروں کی حفاظت انکی عبادت گاہوں اور مذہبی ورثے کی دیکھ بھال حکومت کے فرائض میں شامل ہے۔حکومت ،میڈیا، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور مذہبی رہنماؤں کے اشتراک سے باہمی احترام اور افہام و تفہیم کی فضا کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔آئے آج ہم بحیثیت قوم باہمی ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور برداشت اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کا تجدید عہد کریں۔