شہباز شریف، انڈونیشین صدر ٹیلی فونک رابطہ، عالمی کشیدگی پر گفتگو

Calender Icon اتوار 22 مارچ 2026

لاہور(نیوزڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج شام جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر، عزت مآب پرابوو سوبیانتو سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔گرمجوش اور دوستانہ گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے صدر اور وہاں کے برادر عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ۔ انڈونیشین صدر نے بھی وزیر اعظم کو عید الفطر مبارکباد دی.دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے عوام اور امتِ مسلمہ کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال، خصوصاً ایران اور خلیجی خطے میں جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں نے فوری طور پر کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا اور تمام اختلافات کو مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔