نیویارک:(ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی OpenAI نے اپنی ویڈیو جنریشن ایپ Sora کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس نے صارفین کو حیرت میں ڈال دیا۔ کمپنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری ایک مختصر پیغام میں کہا کہ وہ سورا کو خیرباد کہہ رہی ہے۔
کمپنی نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ ایپ اور اس سے منسلک اے پی آئی سروس کب مکمل طور پر بند کی جائے گی، تاہم بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کی مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ ایک ترجمان کے مطابق کمپنی اب اپنی توجہ توسیعی منصوبوں اور جدید تحقیق کی جانب منتقل کر رہی ہے، جبکہ سورا ٹیم کو ایڈوانس روبوٹکس کے شعبے میں کام کرنے کے لیے مختص کیا جا رہا ہے تاکہ حقیقی دنیا کے مسائل کے حل میں مدد مل سکے۔
یاد رہے کہ سورا ایپ کو چند ماہ قبل ہی متعارف کرایا گیا تھا اور مختصر وقت میں اس نے خاصی مقبولیت حاصل کر لی تھی۔ تاہم وقت کے ساتھ اس کے ڈاؤن لوڈز میں کمی دیکھنے میں آئی، جبکہ بعض حلقوں کی جانب سے اس پر تنقید بھی کی جا رہی تھی کہ اسے ڈیپ فیک ویڈیوز بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ٹیک ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ جہاں ایک طرف غیر متوقع ہے، وہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی اپنی ترجیحات کو بدلتے ہوئے مستقبل کی نئی ٹیکنالوجیز پر زیادہ توجہ دینا چاہتی ہے۔
اوپن اے آئی کا سورا ویڈیو ایپ بند کرنے کا اعلان، صارفین حیران
بدھ 25 مارچ 2026












