قومی سلامتی کمیٹی غیر مستقل، پلڈاٹ رپورٹ میں اصلاحات کی ضرورت اجاگر

Calender Icon بدھ 25 مارچ 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک): پلڈاٹ نے قومی سلامتی کمیٹی کی کارکردگی اور اثرات پر جائزہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کے اجلاس سال میں عموماً تین مرتبہ بلائے گئے اور زیادہ تر غیر مسلسل اور ردعمل پر مبنی رہے۔رپورٹ کے مطابق اپریل تا جون 2025 کے اجلاسوں نے سول اور فوجی مشاورت میں کمیٹی کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ یہ اجلاس ہندوستان کے مقبوضہ کشمیر میں پہلگام حملے اور سرحدی کشیدگی کے پیش نظر بلائے گئے جبکہ جون 2025 میں ایران پر اسرائیلی حملوں سمیت علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔پلڈاٹ نے کہا کہ کمیٹی بنیادی طور پر بحران سے نمٹنے کے لیے استعمال ہوتی رہی اور قومی سلامتی ڈویژن اپنی مکمل صلاحیت سے فائدہ نہیں اٹھا سکا۔ متوازی کوآرڈینیشن میکانزم نے کمیٹی کی ادارہ جاتی اہمیت اور تزویراتی ہم آہنگی کو متاثر کیا۔رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ کمیٹی کو ایک مستقل فورم بنایا جائے اور ماہانہ اجلاس کے ذریعے ملکی و بین الاقوامی سلامتی کے امور کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے تاکہ پالیسی میں ہم آہنگی اور تزویراتی دور اندیشی بہتر ہو۔