اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم اور امیر قطر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج شام قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اپنی گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران وزیراعظم نے قطر کے امیر اور قطر کے برادر عوام کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔ قطر کے امیر کی جانب سے بھی عید کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے خطے میں جاری جنگ پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے قطر اور دیگر برادر خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا اور ان حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کے لیے دعا کی۔ انہوں نے عزت مآب امیر قطر اور قطر کے برادر عوام کو اس مشکل وقت میں پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا یقین دلایا۔ موجودہ صورتحال کے تناظر میں قطر کے غیر معمولی تحمل کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کی سفارتی رسائی اور امن کی کوششوں سے امیر قطر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسلسل تمام فریقوں سے کشیدگی کم کرنے اور بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے اپنے اختلافات کو حل کرنے پر زور دیا ہے۔ عزت مآب امیر نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم، امیرقطر ٹیلیفونک رابطہ، سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا
بدھ 25 مارچ 2026












