کم آمدنی والے شہریوں کو فیول سبسڈی ملے گی، موبائل ایپ تیار کرلی

Calender Icon بدھ 25 مارچ 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک)حکومت نے کم آمدنی والے شہریوں کو فیول سبسڈی دینے کیلئے موبائل ایپ تیار کر لی ۔ذرائع وزارت پیٹرولیم کے مطابق ایپ سسٹم کی ٹیسٹنگ آخری مراحل میں ہے، موٹرسائیکلوں اور رکشہ کیلئے کوٹہ بیسڈ فیول اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اوگرا اور متعلقہ وزارتوں نے فیول کوٹہ سسٹم تیار کر لیا ہے۔

صارفین کا فیول کوٹہ رجسٹریشن نمبر اور شناختی کارڈ سے منسلک ہوگا، صارفین کو موبائل ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل واؤچر جاری ہوں گے،پیٹرول پمپس پر سبسڈی والے فیول کیلئے مخصوص نوزلز مختص ہوں گی،ریٹیلرز کیلئے حکومت خصوصی موبائل ایپ فراہم کرے گی، 800 سی سی تک والی گاڑیوں کو اسکیم کا حصہ بنانے کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ہر پیٹرول پمپ پر فوکل پرسن مقرر کریں گی،شکایات کے ازالے کیلئے 24 گھنٹے مانیٹرنگ سسٹم فعال ہو گا،ایمرجنسی صورتحال میں فیول فراہمی کیلئے متبادل نظام بھی تیار کر لیا گیا،پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے پر 2 ہفتےمیں 70 ارب روپے کا بوجھ پڑا،بڑھتی ہوئی طلب اور زرمبادلہ کی کمی سے فیول سپلائی چین دباؤ کا شکار ہے۔