جٹ فیول کی قیمتوں میں حالیہ بڑے اضافے کے بعد ایئر لائنز نے ٹکٹس کے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے، جس سے مسافروں پر اضافی بوجھ پڑنے لگا ہے۔
ذرائع کے مطابق فیول سرچارج میں 10 سے 100 ڈالر تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ جٹ فیول کی قیمت 176 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 417 روپے فی لیٹر تک جا پہنچی ہے۔ اس اضافے کی وجہ سے ایئرلائنز نے بنیادی کرایہ برقرار رکھتے ہوئے فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت اضافی سرچارج عائد کر دیا، جس سے مجموعی ٹکٹ مہنگے ہو گئے ہیں۔
پی آئی اے نے لوکل پروازوں پر 10 ڈالر، کینیڈا جانے والی پروازوں پر 100 ڈالر، برطانیہ کے لیے 75 ڈالر اور سعودی عرب و خلیجی ممالک کے لیے 50 ڈالر تک فیول سرچارج عائد کیا ہے۔ نجی ایئرلائنز نے بھی 15 سے 150 ڈالر تک اضافی چارجز لاگو کر دیے ہیں۔
ایئرلائن حکام کے مطابق خلیجی فضائی حدود کی بندش اور جٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کرایوں میں یہ غیر معمولی اضافہ ناگزیر تھا، اور اس اقدام کا مقصد ایئرلائنز کی کارکردگی اور خدمات کو برقرار رکھنا ہے۔
جٹ فیول کی قیمتوں میں اضافہ، فضائی سفر مزید مہنگا
جمعرات 26 مارچ 2026












