وفاقی ترقیاتی بجٹ میں 100 ارب روپے کی بڑی کٹوتی، کفایت شعاری کا اقدام

Calender Icon جمعرات 26 مارچ 2026

وفاقی حکومت نے مالیاتی استحکام اور کفایت شعاری کے پیشِ نظر رواں مالی سال کے وفاقی ترقیاتی بجٹ سے 100 ارب روپے کی کٹوتی کر دی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے تصدیق کی کہ وزارت خزانہ نے پی ایس ڈی پی میں 100 ارب روپے کی کمی کی ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پی ایس ڈی پی کے تمام ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ میں تقریباً 10 فیصد کمی کی جائے گی، جس کے بعد بجٹ کا مجموعی حجم ایک ہزار ارب روپے سے کم ہو کر 900 ارب روپے رہ گیا ہے۔
یہ اقدام حکومت کی جاری کفایت شعاری مہم اور مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کی حکمت عملی کے تحت کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ حکومت نے عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے سے گریز کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پہلے ہی 72 ارب روپے کی بھاری سبسڈی فراہم کی ہے۔
وزیراعظم نے حالیہ خطاب میں واضح کیا تھا کہ عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کا بوجھ ڈالنے کے بجائے ترقیاتی بجٹ میں کمی کے ذریعے مالیاتی استحکام برقرار رکھا جائے گا، اور حکومت اسی پالیسی کے تحت کفایت شعاری کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔