وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ملائیشیا کے وزیراعظم کی ٹیلی فون کال، عید کی مبارکباد اور امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال

Calender Icon جمعرات 26 مارچ 2026

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)وزیراعظم محمد شہباز شریف کو آج ملائیشیا کے وزیراعظم داٹو سری انور ابراہیم کی ٹیلی فون کال موصول ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے عید الفطر کی مبارکباد دی اور امت مسلمہ کی ترقی اور اتحاد کے لیے دعائیں کیں۔
اپنی گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی قیادت میں کی جانے والی ثالثی کی کوششوں کے مضبوط پیغام پر ملائیشیا کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے برادر خلیجی ممالک اور ایران کے رہنماؤں کے ساتھ جاری تازہ ترین سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کی شاندار قیادت کی تعریف کی اور عالمی رہنماؤں کے ساتھ اپنی گفتگو میں مشرق وسطیٰ میں جنگ کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کی امن کوششوں میں مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مخلصانہ اور حقیقی کوششیں جاری رکھے گا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں رابطے کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔