فوج اندرونی طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے، اسرائیلی آرمی چیف کا تشویشناک انکشاف

Calender Icon جمعہ 27 مارچ 2026

تل ابیب: اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زمیر نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اسرائیلی فوج اندرونی طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو سکتی ہے۔
اپنے بیان میں ایال زمیر نے کہا کہ وہ 10 لال جھنڈے اٹھا کر ملک و قوم کو موجودہ خطرناک صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق میدان جنگ میں ریزرو فوجی اپنی لڑنے کی صلاحیت کھو رہے ہیں، جس کے باعث فوج کی مجموعی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔
آرمی چیف نے واضح کیا کہ ریزرو فوجیوں سے متعلق قوانین میں فوری ترمیم اور دیگر ضروری اقدامات نہ کیے گئے تو فوج کے اندرونی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے، جو ملک کی سکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ ہوگا۔
اسرائیل کے سابق وزیراعظم نفتالی بینٹ نے بھی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک کو تقریباً 20 ہزار فوجیوں کی کمی کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق جنگ بغیر مکمل حکمت عملی، مناسب وسائل اور افرادی قوت کے آغاز نے خطرات بڑھا دیے ہیں۔
ادھر اپوزیشن رہنما یائر لاپڈ نے اس وارننگ کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 13 برسوں سے سکیورٹی کابینہ کا حصہ ہیں، لیکن اس نوعیت کی سنگین وارننگ پہلے کبھی نہیں سنی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بیانات اسرائیل کی فوجی اور سیاسی قیادت پر بڑھتے ہوئے دباؤ اور موجودہ جنگی حالات کے سنگین اثرات کی عکاسی کرتے ہیں۔