لاہور (نیوز ڈیسک) حلقہ این اے 127 سے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی جنرل انتخابات میں کامیابی کے خلاف دائر درخواست الیکشن ٹربیونل نے مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ملک ظہیر عباس کھوکھر کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات کی کامیابی کو چیلنج کیا گیا تھا، تاہم الیکشن ٹربیونل نے ان کی درخواست کو ناقابلِ سماعت، بے بنیاد اور غلط قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔
سماعت کے دوران درخواست گزار ملک ظہیر عباس کھوکھر کی جانب سے متعدد بار تاریخیں لی گئیں اور کیس کو ملتوی کرنے کی استدعا بھی کی گئی، تاہم وہ اپنے مؤقف کے حق میں کوئی ٹھوس شواہد پیش نہ کر سکے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی جانب سے الیکشن ٹربیونل میں بیرسٹر حارث عظمت ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور قانونی نکات پر مؤثر مؤقف اختیار کیا۔
ذرائع کے مطابق ٹھوس شواہد کی عدم دستیابی اور درخواست کے قابلِ سماعت نہ ہونے پر ٹربیونل نے انتخابی عذر داری خارج کر دی۔ سماعت کے دوران وزیراعظم کے پولیٹیکل کوآرڈینیٹر سید توصیف شاہ بھی موجود تھے۔












منگل 31 مارچ 2026 