کوئٹہ (نیوز ڈیسک) بلوچستان سے تعلق رکھنے والی باہمت خاتون پولیس افسر شبانہ ارشاد ترین نے اپنی محنت، لگن اور استقامت سے صوبے کی خواتین کے لیے نئی مثال قائم کر دی ہے۔
ایس پی شبانہ ارشاد ترین کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی خواتین کسی سے کم نہیں اور انہیں دیگر شعبوں کی طرح پولیس فورس میں بھی بھرپور انداز میں شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز سب انسپکٹر کے عہدے سے کیا اور مسلسل محنت کے ذریعے ایس پی کے عہدے تک پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے والد بھی پولیس میں تھے، جن سے متاثر ہو کر انہوں نے اس شعبے میں آنے کا خواب دیکھا، جو بالآخر حقیقت بن گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دورانِ ملازمت سینئر افسران نے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے انہیں انعام سے بھی نوازا گیا۔
شبانہ ارشاد ترین نے خواتین پر زور دیا کہ وہ پولیس فورس میں شامل ہو کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں اور ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کا ایس پی کے عہدے تک پہنچنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین ہر میدان میں آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔












بدھ 1 اپریل 2026 