اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کے آٹو سیکٹر میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے، جو صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور صنعتی اقدامات کے باعث آٹو صنعت میں تیزی سے بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت نہ صرف مقامی معیشت کو مستحکم کر رہی ہے بلکہ پاکستان کو عالمی آٹو مارکیٹ میں بھی نمایاں مقام دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی آٹو صنعت کی مجموعی پیداواری صلاحیت سالانہ 500,000 یونٹس تک پہنچ چکی ہے، جو اس شعبے میں مسلسل ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔
مزید برآں فروری 2026 میں مسافر گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ماہانہ فروخت 13,388 یونٹس تک پہنچ گئی، جو بڑھتی ہوئی طلب اور صنعتی سرگرمیوں میں تیزی کا واضح ثبوت ہے۔
ماہرین کے مطابق مضبوط پیداواری ڈھانچے، بڑھتی ہوئی مقامی طلب اور حکومتی سہولت کاری کے باعث پاکستان کا آٹو سیکٹر سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش شعبہ بنتا جا رہا ہے۔
اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صنعتی توسیع، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور معاشی بحالی میں ایس آئی ایف سی کا کردار کلیدی حیثیت اختیار کر چکا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں کاروباری ماحول مزید بہتر ہو رہا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔












جمعرات 2 اپریل 2026 