راولپنڈی (نیوز ڈیسک) آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام ونٹر انٹرن شپ پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے طلبہ نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا مطالعاتی دورہ کیا۔
دورے کے دوران طلبہ کو اکیڈمی میں جاری پیشہ ورانہ عسکری تربیت، سخت نظم و ضبط اور قیادت سازی کے عمل پر جامع بریفنگ دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں پاک فوج کی تاریخ، کردار اور قومی دفاع میں ادا کی جانے والی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
طلبہ نے کیڈٹس کی اعلیٰ تربیت، نظم و ضبط اور حب الوطنی کے جذبے کو سراہتے ہوئے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ کیڈٹس کا بلند حوصلہ دیکھ کر ان کا پاک فوج پر اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے اور ملک کے دفاع کے حوالے سے ان کا یقین پختہ ہوا ہے۔
طلبہ نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کا سخت نظم و ضبط اور مشکل حالات میں دی جانے والی تربیت نوجوانوں میں عزم، حوصلہ اور قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرتی ہے۔
دورے کے اختتام پر شرکاء نے قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے افواجِ پاکستان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔












جمعرات 2 اپریل 2026 