مشرق وسطیٰ صورتحال، بیرونی توانائی انحصار کم کرنے کا فیصلہ کیا،اویس لغاری

Calender Icon جمعرات 2 اپریل 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے توانائی اویس احمد لغاری سے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے توانائی شعبے میں جاری اصلاحات اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ورلڈ بینک نے پاکستان کے توانائی اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ترسیل و تقسیم کے نظام میں بہتری کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے توانائی اصلاحات کے مختلف پہلوؤں پر ورلڈ بینک سے مزید تعاون کی درخواست بھی کی۔

اویس احمد لغاری نے کہا کہ ملک میں بجلی کی طلب میں اضافہ حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے، جبکہ حکومت بجلی کے ٹیرف کو مسابقتی بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتی شعبے کے لیے رعایتی ٹیرف کا جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے اور مزید اقدامات پر کام جاری ہے۔

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ٹائم آف یوز ٹیرف متعارف کرانے پر پیش رفت جاری ہے، جبکہ شمسی توانائی کے وسیع استعمال کے لیے بھی حکومتی منصوبہ زیر غور ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی وسائل سے بجلی کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ بیرونی توانائی پر انحصار کم کیا جا سکے، خصوصاً مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں یہ اقدام نہایت اہم ہے۔

ملاقات میں قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے لیے عالمی سطح پر تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا، جس سے پاکستان کے توانائی شعبے میں پائیدار ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔