پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں 43 فیصد اضافہ، عالمی سطح پر سب سے بڑا اضافہ ریکارڈ

Calender Icon جمعہ 3 اپریل 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں پاکستان میں ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو دیگر ممالک کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 321 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 458 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی، جو 137 روپے اضافے کے ساتھ تقریباً 43 فیصد اضافہ بنتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ عالمی رجحانات کے مقابلے میں غیر معمولی طور پر زیادہ ہے۔

دوسری جانب امریکہ میں پیٹرول کی قیمت میں نسبتاً کم اضافہ دیکھا گیا، جہاں قیمت تقریباً 0.90 ڈالر فی لیٹر سے بڑھ کر 1.00 ڈالر فی لیٹر تک پہنچی، یعنی تقریباً 10 سے 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

برطانیہ میں بھی پیٹرول کی قیمت میں محدود اضافہ ہوا، جہاں قیمت تقریباً 1.40 پاؤنڈ سے بڑھ کر 1.50 پاؤنڈ فی لیٹر تک گئی، جو تقریباً 7 فیصد اضافہ بنتا ہے، جبکہ بھارت میں قیمت 96 روپے سے بڑھ کر 100 روپے فی لیٹر ہوئی، جو صرف 4 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

اسی طرح یورپ میں اوسط قیمت 1.60 ڈالر سے بڑھ کر 1.80 ڈالر فی لیٹر تک پہنچی، جس میں 12 سے 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک میں پیٹرول کی قیمتوں میں فرق کی بنیادی وجوہات میں حکومتی ٹیکس پالیسی، کرنسی کی قدر، اور تیل کی درآمد پر انحصار شامل ہیں۔ پاکستان میں زیادہ اضافہ ان عوامل کے مشترکہ اثرات کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اقتصادی تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، تاہم ہر ملک میں اس کے اثرات یکساں نہیں ہیں، اور پاکستان میں حالیہ اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مقامی معاشی عوامل بھی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔