میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، عدالتی فیصلوں پر تنقید کا حق حاصل ہے: چیف جسٹس

Calender Icon جمعرات 9 اپریل 2026

اسلام آباد(صغیر چوہدری )اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے کہا ہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، جب ہم کوئی فیصلہ کرتے ہیں تو وہ پبلک پراپرٹی بن جاتا ہے جس پر تنقید کریں، اس پر کوئی پابندی نہیں۔ عدالتی فیصلوں پر تجزیہ ضرور کریں لیکن عدالتی فیصلے کو ٹوئسٹ نا کریں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا ہماری غلط بات پر بے شک تنقید کریں ہمیں خوشی ہو گی لیکن عدالتی کاروائی کو رپورٹ کرتے وقت کسی فریق کی سائیڈ مت لیں

کورٹ رپورٹرز کی تنظیم اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری تقریب منعقد ہوئی۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا۔ اس موقع پر جسٹس انعام امین منہاس بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے کہا ہائی کورٹ کی رپورٹنگ اہم ذمہ داری ہے۔ کورٹ رپورٹرز ذمہ دارانہ صحافت کریں، زرد صحافت کی حوصلہ شکنی کریں۔ کورٹ رپورٹرز لوگوں کے سامنے جو الفاظ ادا کرتے ہیں ان کی اہمیت ہوتی ہے۔ آپ کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری ہے کیونکہ آپ کے الفاظ سے لوگ اپنا ذہن بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا میری کوشش ہے کہ آپ وہ بات بھی کریں جو ہم ججز کسی کے بھلے کے لیے کرتے ہیں۔ مفاد عامہ کے کیسز میں دیے گئے فیصلوں کو ہائی لائٹ کریں۔ جوڈیشری کے اس ادارے کے ساتھ لوگوں کی واحد امید باقی رہ جاتی ہے۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس انعام امین منہاس نے ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر اسد ملک اور سیکرٹری آصف نوید سمیت تمام عہدیداران کو مبارکباد پیش کی