کراچی(نیوز ڈیسک)نارتھ کراچی سیکٹر فائیو سی ون میں گھات لگائے ملزمان کی فائرنگ سے مسجد کی دہلیر پر ایک نمازی جاں بحق ہوگیا، مقتول کی 6 ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 5 سی ون فاروق اعظم مسجد کی دہلیز پر جمعہ کی الصبح نماز فجر کے وقت گھات لگائے بیٹھے موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک نمازی جاں بحق ہوگیا۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے پہلے خواجہ اجمیر نگری تھانے جہاں سے پولیس کارروائی کے بعد جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 32 سالہ ریحان ولد غلام نبی کے نام سے کی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے، مقتول کو سر پر ایک گولی ماری گئی ہے اور اسی علاقے میں سیکٹر فائیو سی ون رحمانیہ موڑ کے قریب کا رہائشی تھا۔ مقتول کی والدہ حیدرآباد گئی ہوئی تھیں۔
مقتول نے 6 ماہ قبل شادی کی تھی، مقتول نے جس خاتون سے شادی کی تھی اس سے وہ بچپن سے محبت کرتا تھا تاہم خاتون کی اس کے گھر والوں نے پہلے کسی دوسرے شخص کے ساتھ شادی کر دی تھی، خاتون کا پہلے شوہر سے ایک 12 سال کا بیٹا بھی ہے تاہم خاتون نے اپنے پہلے شوہر سے طلاق لیکر ریحان سے شادی کر لی تھی۔
واقعے کے وقت مقتول فجر کے نماز پڑھ کر مسجد کے گیٹ سے باہر آرہا تھا کہ گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے، مقتول کے سپر پر عقب سے ایک گولی لگی تھی۔
تحقیقاتی پولیس کو شبہ ہے کہ مقتول کو اس کے پہلے شوہر نے ہی قتل کیا ہے تاہم واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔












جمعہ 10 اپریل 2026 