ہم دین پر 4 شادیوں سے زیادہ عمل نہیں کرتے: علی طاہر

Calender Icon ہفتہ 11 اپریل 2026

پاکستان کے معروف اسٹیج اور ٹیلی وژن اداکار علی طاہر کا کہنا ہے کہ ہم دین پر 4 شادیوں سے زیادہ عمل نہیں کرتے، جبکہ دوسری شادی مرد کے لیے کبھی بھی مثالی صورت نہیں ہوتی، اسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

حال ہی میں علی طاہر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی، پروگرام کے دوران انہوں نے اسلام میں دوسری شادی کی اجازت سے متعلق مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علی طاہر کا کہنا ہے کہ ہم بعض اوقات بنیادی باتوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں، ہم دین پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اسلام میں ایک سے زائد شادیوں کی اجازت کی بات کی جائے تو یہ اجازت مخصوص حالات میں دی گئی ہے اور اس کے ساتھ برابری اور انصاف کی شرط رکھی گئی ہے، جو کہ انتہائی مشکل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مردوں کو اس حوالے سے تنبیہ بھی کی گئی ہے کہ انصاف کرو، اگر کوئی شخص دوسری شادی کر رہا ہے تو اسے باہمی رضامندی سے کرنی چاہیے، یعنی شوہر اور دونوں بیویاں اس پر متفق ہوں تو ہی آگے بڑھنا چاہیے۔

پروگرام میں موجود سینئر اداکارہ روبینہ اشرف نے اس موقع پر کہا کہ میں نے کبھی ایسا منظر نہیں دیکھا جہاں تینوں فریق دوسری شادی پر خوشی سے متفق ہوں۔

اداکارہ کے مطابق دوسری شادی کبھی بھی ایک مثالی صورتِ حال نہیں ہوتی اور اکثر کامیاب بھی نہیں رہتی۔

واضح رہے کہ معروف اداکار علی طاہر سینئر فنکار، ماہرِ تعلیم اور مصنف نعیم طاہر اور معروف ریڈیو میزبان یاسمین طاہر کے صاحبزادے ہیں، وہ سابقہ اداکارہ وجیہہ طاہر کے ساتھ خوش گوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔