’تیرے بن 2‘ کا باضابطہ اعلان، وہاج علی اور یمنیٰ زیدی ایک بار پھر جلوہ گر ہوں گے

Calender Icon اتوار 12 اپریل 2026

مقبول ڈراما سیریل ’تیرے بن‘ کے دوسرے سیزن کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جس میں وہاج علی اور یمنیٰ زیدی ایک بار پھر مرکزی کردار ادا کریں گے، جبکہ شائقین میں خوشی کے ساتھ ساتھ شکوک و شبہات بھی پائے جا رہے ہیں۔

2023 میں نشر ہونے والا بلاک بسٹر ڈراما ’تیرے بن‘ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے، کیونکہ اس کے سیزن ٹو کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ اعلان معروف ٹی وی و فلم نقاد اور آر جے ڈاکٹر اعجاز وارس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔

رپورٹس کے مطابق وہاج علی اور یمنیٰ زیدی جون 2026 میں ’تیرے بن 2‘ کی شوٹنگ کا آغاز کریں گے۔ یہ ڈراما ایک بار پھر 7th اسکائی انٹرٹینمنٹ کی پروڈکشن ہوگا جبکہ ہدایت کاری کے فرائض سراج الحق ہی انجام دیں گے۔ تاہم اس بار کہانی نوران مخدوم نہیں لکھیں گی، جنہیں پہلے سیزن میں بعض متنازعہ پہلوؤں پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

واضح رہے کہ ’تیرے بن‘ اپنے پہلے سیزن میں غیر معمولی کامیابی حاصل کر چکا ہے، جس کی 58 اقساط کو مجموعی طور پر 4 ارب سے زائد ویوز ملے، جبکہ ابتدائی اور آخری اقساط نے 10 کروڑ سے زیادہ ویوز حاصل کیے تھے۔

دوسری جانب سیزن ٹو کے اعلان پر مداحوں کا ردعمل ملا جلا ہے۔ کچھ مداح اس خبر پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں اور اسے ایک اور بلاک بسٹر قرار دے رہے ہیں، جبکہ کئی افراد اس اعلان پر شکوک کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔ بعض مداحوں کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی باضابطہ تصدیق پروڈیوسرز اور مرکزی اداکاروں کی جانب سے ہونی چاہیے، کیونکہ اس سے قبل بھی کئی بار امیدیں دلائی گئی تھیں۔

کچھ صارفین نے ہدایتکار سراج الحق کے دیگر جاری منصوبوں کے باعث شیڈول پر سوالات اٹھائے ہیں، جبکہ دیگر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کہیں اس بار بھی ڈرامے کا اختتام پہلے سیزن کی طرح مایوس کن نہ ہو۔

تاہم اس کے باوجود وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کی جوڑی کے مداح سیزن ٹو کے لیے پُرجوش ہیں اور اسے ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔