امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت، حکومتی سہولتوں کی یقین دہانی

Calender Icon پیر 13 اپریل 2026

امریکہ کی معروف تعلیمی درسگاہ ہارورڈ یونیورسٹی(harvard university) میں منعقدہ “پاکستان کانفرنس” کے دوران پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال ملک ہے، جس میں نوجوان آبادی سب سے بڑی طاقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے اہم جغرافیائی محل وقوع، سیاسی تاریخ اور عالمی معاملات میں فیصلہ کن کردار کے باعث دنیا کے اہم ترین ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ ان کے مطابق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی پاکستان کو عالمی محور بننے کی پیشگوئی کی تھی۔

سفیر پاکستان نے انکشاف کیا کہ دہائیوں پر محیط مثبت سفارتی کردار کے باعث پاکستان کو امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے سہولت کار کے طور پر منتخب کیا گیا، جس پر دونوں ممالک کے اعتماد کے اظہار کے لیے پاکستان شکر گزار ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان اس سلسلے میں اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد ملک کو متعدد چیلنجز کا سامنا رہا، تاہم قوم نے نہ صرف ان مشکلات کا مقابلہ کیا بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

مزیدپڑھیں:فیصلوں کا اختیار متعلقہ فریقین کے پاس ہے، رضوان سعید شیخ

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس جنگ سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور اس نے عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ہے، جو آج تک جاری ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اس عفریت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

سفیر پاکستان نے زور دیا کہ پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے وقت درپیش چیلنجز کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات محض اختیاری نہیں بلکہ وقت اور مستقبل کی اہم ضرورت ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے امریکی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور ملک میں موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔