پولیو کا خاتمہ صرف حکومتی نہیں، بلکہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال

Calender Icon بدھ 8 اکتوبر 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے اور معمول کی حفاظتی ویکسینیشن سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت، ایڈیشنل سیکریٹری، ڈی جی ہیلتھ، ڈی جی (ایف ڈی آئی) اور نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے نیشنل کوآرڈینیٹر شریک ہوئے۔

عالمی اداروں بشمول ڈبلیو ایچ او، یونیسیف اور گاوی کے نمائندگان نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور ویکسینیشن منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں سالانہ پولیو بجٹ کی کل لاگت اور مالی و عملی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ موجودہ ویکسینیشن مہم کی کارکردگی پر بھی جامع رپورٹ پیش کی گئی۔

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ “پولیو کا خاتمہ صرف حکومتی نہیں، بلکہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔” انہوں نے زور دیا کہ ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے عالمی شراکت داروں کے تعاون سے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

اجلاس میں ہر بچے کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے اقدامات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ معمول کی حفاظتی ویکسینیشن کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔ وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ پولیو مہم میں شفافیت اور موثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔