کوہاٹ میں تیل و گیس کی بڑی دریافت، ملکی توانائی شعبے میں اہم پیش رفت

Calender Icon جمعرات 16 اپریل 2026

کوہاٹ (KPK) میں واقع نشپا بلاک کے باراگزئی ایکس-1 کنویں سے تیل اور گیس کی بڑی دریافت سامنے آئی ہے، جسے ملکی تاریخ کی اہم ترین توانائی دریافتوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ پیش رفت او جی ڈی سی ایل (Oil and Gas Development Company Limited) نے حاصل کی۔

وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کنویں سے کمرشل پیداوار کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی توانائی سلامتی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے نہ صرف مقامی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار بھی کم ہوگا۔

مزید پڑھیں:پاکستان کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز موصول

او جی ڈی سی ایل کے مطابق باراگزئی ایکس-1 کنویں سے ابتدائی طور پر یومیہ 15 ہزار بیرل تیل اور 4 کروڑ 50 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل کی جا رہی ہے، جبکہ مستقبل میں اس پیداوار کو بڑھا کر 25 ہزار بیرل تیل اور 6 کروڑ مکعب فٹ گیس یومیہ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ منصوبہ ملک کے مشکل ترین جغرافیائی علاقے میں مکمل کیا گیا، جہاں جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر آپریشنل حکمت عملی کے ذریعے محفوظ اور کامیاب آپریشنز یقینی بنائے گئے۔ اس منصوبے کے تحت 8 کلومیٹر طویل پائپ لائن بھی ریکارڈ مدت میں بچھائی گئی۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق باراگزئی ایکس-1 نہ صرف کمپنی کے پورٹ فولیو میں ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ یہ کنواں اس وقت پاکستان کی مجموعی خام تیل پیداوار میں نمایاں حصہ ڈال رہا ہے، جس سے قومی توانائی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔