وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری (Sardar Owais Ahmed Khan Leghari) سے برطانوی ہائی کمیشن کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر مسٹر سیم والڈوک نے ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون، معاشی استحکام اور خطے کی موجودہ جیو اسٹریٹیجک صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے برطانیہ کے وزیرِ اعظم کی جانب سے پاکستان کے سفارتی کردار، خصوصاً امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں سہولت کاری اور امن مذاکرات کی میزبانی کے اعتراف پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جانا ایک خوش آئند اور مثبت پیش رفت ہے۔
سردار اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ہمیشہ تعمیری کردار ادا کیا ہے، اور عالمی برادری کی جانب سے اس کردار کا اعتراف ملک کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
مزید پڑھیں:گانچھے کے نامور وکلاء کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت، انجینئر امیر مقام سے ملاقات
اس موقع پر مسٹر سیم والڈوک نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والی پیچیدہ صورتحال کے باوجود حکومتِ پاکستان کی مجموعی حکمت عملی اور مؤثر اقدامات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مشکل حالات میں بھی غیر معمولی تدبر اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں استحکام برقرار رکھا ہے۔
ملاقات میں برطانیہ کی جانب سے پاکستان میں معاشی استحکام اور ترقی کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ مسٹر سیم والڈوک نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور ترقیاتی شراکت داری کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔
وفاقی وزیر نے برطانیہ کے ادارے ایف سی ڈی او کی جانب سے جاری تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کے فروغ میں اہم قرار دیا۔
سرمایہ کاری سے متعلق امور پر گفتگو کرتے ہوئے مسٹر سیم والڈوک نے بعض نکات کی نشاندہی کی، جس پر وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید سازگار بنانے اور مشترکہ اقتصادی اہداف کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔












جمعرات 16 اپریل 2026 