صدر مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف نے گلگت بلتستان جنرل الیکشن کیلئے پارلیمانی بورڈ قائم کر دیا

Calender Icon جمعرات 16 اپریل 2026

اسلام آباد، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان کی جنرل اسمبلی کے انتخابات 2026 کے لیے امیدواروں کے انتخاب اور پارٹی ٹکٹوں(party tickets) کی منظوری کے لیے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ بورڈ اہم پارٹی رہنماؤں پر مشتمل ہوگا جو موزوں امیدواروں کے چناؤ کا عمل مکمل کرے گا۔ بورڈ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف، مریم نواز شریف، احسن اقبال، خواجہ محمد آصف، حمزہ شہباز شریف، حنا پرویز بٹ سمیت دیگر سینئر رہنما شامل ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ پارلیمانی بورڈ گلگت بلتستان میں پارٹی کو مضبوط اور منظم بنانے کے ساتھ ساتھ قابل اور جیتنے والے امیدواروں کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنا اور علاقے میں ترقیاتی ایجنڈے کو فروغ دینا ہے۔

نوٹیفکیشن کی کاپی متعلقہ عہدیداران کو بھی ارسال کر دی گئی ہے جبکہ پارٹی سیکرٹریٹ نے بورڈ کی جلد کارروائی شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔