وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سےAKNS کے اعلیٰ سطح وفد کی اہم ملاقات

Calender Icon جمعرات 16 اپریل 2026

اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام (amir muqam)سے آزاد جموں و کشمیر کے اخباری مالکان کی نمائندہ تنظیم آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی (AKNS) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اہم ملاقات کیہے ۔

ملاقات میں آزاد کشمیر سے شائع ہونے والے اخبارات کو درپیش مالی، انتظامی اور پالیسی نوعیت کے مسائل پر تفصیلی اور نتیجہ خیز تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں حکومت اور اخباری صنعت کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

 

اے کے این ایس کے جنرل سیکرٹری ذوالفقار حسین بٹ کی قیادت میں وفد میں سینئر صحافتی شخصیات نصیر انور، سردار جاوید اقبال، سرفراز میر اور ہمراز چوہدری شامل تھے۔

وفد نے وفاقی وزیر کو آزاد کشمیر کے اخبارات کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل، اشتہارات کے کوٹہ میں کمی، اور بقایا واجبات کی عدم ادائیگی جیسے مسائل اخباری صنعت کی بقا کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام نے وفد کے تحفظات کو بغور سنا اور یقین دہانی کروائی کہ حکومت آزاد کشمیر کے اخبارات اور صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی اخبارات تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جسے حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کے مسائل کے حل اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے ہر سطح پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں اختیار کی گئی مؤثر سفارتی اور دفاعی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔

مزید پڑھیں:افغان بھائیوں کو دلوں میں جگہ دی، بدلے میں گولہ باری ملی؛ باجوڑ کےشہریوں کی دوہائیاں

ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں حکومت اور اخباری مالکان کے درمیان مضبوط، مثبت اور تعمیری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔