ایران کے مغربی علاقوں میں بڑا آپریشن، 4 مبینہ موساد جاسوسوں سمیت 240 افراد گرفتار

Calender Icon ہفتہ 25 اپریل 2026

ایرانی وزارتِ انٹیلیجنس (Iranian Ministry of Intelligence) نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے مغربی علاقوں میں ایک بڑے سیکیورٹی آپریشن کے دوران 4 مبینہ موساد جاسوسوں سمیت تقریباً 240 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ 100 سے زائد دھماکا خیز ڈیوائسز بھی ضبط کی گئی ہیں۔
ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزارتِ اطلاعات نے بتایا کہ پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دو صوبوں میں وسیع پیمانے پر کارروائیاں کیں، جن کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد ہوا۔
حکام کے مطابق صوبہ کردستان میں کارروائیوں کے دوران 11 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ایک مبینہ کرد مسلح گروہ کا رکن ہلاک ہوا۔ اسی صوبے میں الگ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مزید تقریباً 70 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن پر بم سازی، اسلحہ اسمگلنگ اور دیگر مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ کرمانشاہ میں بھی بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا، جہاں 155 افراد کی گرفتاری کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کا تعلق انسدادِ انقلاب گروہوں سے تھا، جن میں اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے 4 مبینہ جاسوس بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب تہران پولیس نے بھی ایک شخص کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ میزائل حملوں کے مقامات سے متعلق معلومات جمع کر کے دشمن نیٹ ورکس تک پہنچا رہا تھا۔