امریکا ایران مذاکرات میں تعطل: تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ

Calender Icon پیر 27 اپریل 2026

امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات تعطل کا شکار ہیں جبکہ اس دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں (Oil Prices)میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت اتوار کے روز 2 فیصد سے زائد بڑھ کر 106.99 ڈالرز فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔

الجزیرہ کے مطابق مذاکرات کا دوسرا دور پاکستان میں ہونا تھا تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے نمائندوں کا دورہ منسوخ کر دیا ہے جبکہ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی بھی کسی براہِ راست بات چیت سے پہلے ہی اسلام آباد سے روانہ ہو گئے ہیں۔

ایرانی وزیرِ خارجہ اب روس پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ سفارتی بحران کا حل تلاش کیا جا سکے۔

اس سے قبل وہ مختصر دورے پر عمان بھی گئے تھے۔

مزیدپڑھیں:وائٹ ہاؤس فائرنگ: ملزم نے حملے سے 10 منٹ قبل اہلِ خانہ کو کیا پیغام بھیجا؟

دوسری جانب ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں پر اس صورتِ حال کا زیادہ اثر نہیں پڑا، جاپان اور جنوبی کوریا کی مارکیٹوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔

ادھر آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث تجارتی جہازوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی ہے۔

الجزیرہ کا دعویٰ ہے کہ ہفتے کے روز آبنائے ہرمز سے صرف 19 جہاز گزرے جبکہ عام حالات میں یہ تعداد تقریباً 129 جہاز روزانہ ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز وہ سمندری راستہ ہے جہاں سے دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کے تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔