ججز ٹرانسفر معاملہ: جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھ دیا

Calender Icon منگل 28 اپریل 2026

اسلام آباد ہائیکورٹ (Islamabad High Court)ججز کے ٹرانسفر سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس سے قبل اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے نام بطور سربراہ جوڈیشل کمیشن خط لکھ دیا ہے جس میں انہوں نے ٹرانسفر کے معاملے پر انہیں ذاتی طور پر سنے جانے کی استدعا کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس بابر ستار نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت ٹرانسفر کے معاملے پر فیصلہ کرنے سے قبل کمیشن کے اجلاس میں انہیں سنا جائے، جسٹس بابر ستار کا نام بھی آج ٹرانسفر کے لیے زیر غور ججز میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے ٹرانسفر سے متعلق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج ہوگا، جس میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے نام زیر غور آئیں گے، اس کے علاوہ جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔

مزیدپڑھیں:آسٹریلیا میں پابندی کے باوجود دو تہائی بچے سوشل میڈیا پر موجود

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ٹرانسفر ججز کیلئےاجلاس بلانے کی مخالفت کی تھی، تاہم چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی جانب سے 5 ممبران کی ریکوزیشن پر یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔