سوشل میڈیا پیغام میں ٹرمپ کو دھمکی دینے کا الزام: سابق ایف بی آئی ڈائریکٹر جیمز کومی پر دوبارہ فردِ جرم

Calender Icon بدھ 29 اپریل 2026

سابق امریکی ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی(James B. Comey) پر محکمۂ انصاف نے ایک بار پھر فردِ جرم عائد کر دی ہے، اس بار الزام ہے کہ جیمز کومی نے سوشل میڈیا پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف دھمکی آمیز پوسٹ شیئر کی۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ معاملہ ایک تصویر سے متعلق ہے جس میں ساحل پر سیپیوں کو ’86 اور 47‘ کی شکل میں ترتیب دیا گیا تھا۔

امریکی حکام کے مطابق بعض لوگ ’86‘ کو قتل کے اشارے کے طور پر بھی لیتے ہیں جبکہ ٹرمپ اس وقت 47 ویں صدر ہیں۔

دوسری جانب جمیز کومی نے وضاحت دی ہے کہ مجھے اس عدد کے ممکنہ تشدد سے جڑے مطلب کا علم نہیں تھا، میں ہر قسم کے تشدد کے خلاف ہوں، اسی لیے بعد ازاں میں نے وہ پوسٹ ہٹا دی تھی۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ کومی نے جان بوجھ کر صدر کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی تاہم فردِ جرم میں اس بات کا کوئی واضح ثبوت پیش نہیں کیا گیا، صرف یہ کہا گیا ہے کہ حالات سے واقف کوئی بھی شخص اسے دھمکی سمجھ سکتا ہے۔

مزیدپڑھیں:ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوا تو پوری دنیا یرغمال بن جائے گی: ٹرمپ کی جرمن چانسلر پر تنقید

یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی ایف بی آئی کے سابق ڈائریکٹر جیمز کومی کے خلاف ایک مقدمہ قائم کیا گیا تھا مگر عدالت نے اسے مسترد کر دیا تھا۔

اسی دوران سابق سی آئی اے ڈائریکٹر جان برینن کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں جبکہ اُنہوں نے کسی بھی غیر قانونی کام کرنے سے انکار کیا ہے۔