عالمی سوشل میڈیا کمپنیز کے پاکستان میں دفاتر کھولنے کی حکومتی کوشش ناکام

Calender Icon جمعرات 30 اپریل 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک)سوشل میڈیا پلیٹ فارمز (social media companies)کے پاکستان میں دفاتر کھولنے کی حکومتی کوششیں ناکام ہو گئیں، فیس بک،انسٹاگرام اور یوٹیوب سمیت دیگر کمپنیاں پاکستان میں رجسٹریشن کیلئے تیار نہیں ہیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی آئی ٹی کو تحریری رپورٹ پیش کر دی ہے، جس میں بتایا گیا کہ تمام بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں سے پاکستان میں رجسٹریشن کے لیے رابطہ کیا ہے، بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں کی جانب سے مثبت جواب نہیں ملا۔

سوشل میڈیا کمپنیوں کو فوجداری مقدمات کا خوف ہے جسے پاکستان میں دفاتر نہ کھولنے کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔پی ٹی اے کے مطابق ریگولیٹری وضاحت کا فقدان اور موجودہ کاروباری حالات بھی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔

پی ٹی اے نے وزیر دفاع کی اسرائیل سے متعلق ٹویٹ ایکس سے ہٹانے کے معاملے پر بھی تحریری رپورٹ پیش کر دی ۔ حذف شدہ ٹویٹ کی بحالی کے لیے شکایت کنندہ کی جانب سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں:اسحاق ڈار، نائب صدر یورپی یونین کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پرگفتگو

اس معاملے میں تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے، کسی شکایت کے موصول ہونے پر پی ٹی اے مقررہ طریقہ کار کے مطابق مناسب اقدام کرے گا۔