Advertisement

روس رواں برس خلا میں ایٹمی ہتھیار تعینات کرسکتا ہے: جرمن انٹیلیجنس

Calender Icon پیر 23 نومبر 2026

جرمن خفیہ ایجنسی ’بی این ڈی‘ اور اس کے مغربی شراکت داروں نے خبردار کیا ہے کہ روس رواں سال کے اختتام سے قبل جوہری ہتھیار سے لیس سیٹلائٹ زمین کے مدار میں بھیج سکتا ہے۔

جرمن پبلک براڈکاسٹرز ’این ڈی آر‘، ’ڈبلیو ڈی آر‘ اور روزنامہ ’زوڈ ڈوئچے زائتونگ‘ کی رپورٹ کے مطابق، ’اسپوتنک ایس‘ کے نام سے موسوم یہ سیٹلائٹ مبینہ طور پر مکمل طور پر تیار ہے اور اسے ماسکو کے نواحی علاقے میں محفوظ رکھا گیا ہے۔

نشریاتی اداروں نے سکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ مغربی انٹیلیجنس ایجنسیوں نے رواں ماہ اس پیشرفت سے متعلق معلومات کا تبادلہ کیا ہے، مبینہ طور پر نومبر کے اوائل میں شیئر کیے گئے تجزیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس سیٹلائٹ کو 60 دنوں کے اندر خلا میں روانہ کیا جاسکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جرمنی کی مسلح افواج نے حالیہ ہفتوں میں وزیرِ دفاع بورس پسٹوریئس سمیت اہم سرکاری حکام کو اس معاملے پر پہلے ہی بریفنگ دے دی ہے۔ جرمن فوجی افسران دسمبر میں اس لانچنگ کو ممکن قرار دے رہے ہیں اور مدار میں پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد یہ سیٹلائٹ فعال ہو جائے گی۔

رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ زمین کے نچلے مدار میں ہونے والا کوئی بھی جوہری دھماکا چند ہی مہینوں میں وہاں موجود تمام سیٹلائٹس کو ناکارہ بنا دے گا جس سے نیویگیشن، ٹیلی کمیونیکیشن اور موسمیاتی پیش گوئی کا نظام بری طرح متاثر ہوگا۔

حکام کے مطابق جرمنی اس طرح کی بڑے پیمانے پر بندش سے نمٹنے کے لیے خاطر خواہ طور پر تیار نہیں ہوگا۔

دوسری جانب برلن میں روسی سفارت خانے نے پبلک براڈکاسٹرز کو بتایا کہ وہ رپورٹس میں بیان کیے گئے ایسے کسی بھی منصوبے سے آگاہ نہیں ہے۔

مزید پڑھیں:حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹرکمی کردی، نوٹیفکیشن جاری

سفارت خانے نے ’روسی فیڈریشن کی خلائی سرگرمیوں سے متعلق تمام بے بنیاد الزامات‘ کو مسترد کرتے ہوئے انہیں پروپیگنڈا مہم کا حصہ قرار دیا۔