جنوبی وزیرستان(South Wazirstan) میں فتنہ الخوارج کی جانب سے سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ شام جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں فتنہ الخوارج نے بارود سے بھری گاڑی بازار میں دھماکے سے اڑا دی۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا کی انتظامیہ کی جانب سے خوارج کے خودکش حملے میں زخمی 14 سول افراد کی فہرست جاری کر دی گئی، انتظامیہ کے مطابق 4 بچوں سمیت 14 افراد زخمی ہوئے جن میں 8 سال کی ایک معصوم بچی بھی شامل ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا گیا جبکہ تمام زخمیوں کا تعلق جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک سے ہے۔
مزیدپڑھیں:ایران سے جنگ کی حمایت نہیں کرتا، مجھے جنگیں پسند نہیں: امریکی صدر
اس سے قبل بھی خوارج کی جانب سے نورڑ میں کئے گئے حملے میں 3 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے، جن میں 2 حافظِ قرآن بچے بھی شامل تھے۔
اسی طرح بنوں کینٹ پر حملے میں 22 شہری شہید ہوئے، جبکہ ٹانک، باڑہ اور دیگر قبائلی علاقوں میں بھی سویلین آبادی کو بارہا نشانہ بنایا گیا۔
ماہرین کے مطابق خوارج اپنی روایتی بزدلانہ روش اپناتے ہوئے خوف و ہراس پھیلانے کیلئے نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، خوارج سکیورٹی فورسز کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتے اور اپنی بزدلی چھپانے کیلئے معصوم شہریوں کا خون بہاتے ہیں۔












منگل 5 مئی 2026 