محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد(Islamabad) سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج شام اور رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ آج ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے باعث 11 سے 13 مئی کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔
مزیدپڑھیں:بلوچستان،ایرانی پٹرول کی قیمت میں اضافہ
دوسری جانب جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت بدستور برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جہاں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، خصوصاً پہاڑی علاقوں میں رہنے والوں اور مسافروں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔














اتوار 10 مئی 2026 