وزیر اعظم محمد شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بین الصوبائی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل ، کوہاٹ کے قریب بہادر شہری لیاقت کی اپنی جان قربان کر کے مقامی آبادی کو بڑی تباہی سے بچانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہاکہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے لیاقت نے دہشت گرد کو روک کر اسکی شناخت پوچھی ، شناخت پوچھنے پر دہشت گرد نے خود کو اڑا دیا اور لیاقت نے خود بھی شہادت کا رتبہ پالیا، شہید لیاقت کی لازوال قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، شہید لیاقت کی بروقت بہادری نے بڑے جانی نقصان کو روک دیا۔
انہوں نے کہاکہ شہید لیاقت نے غیر معمولی جرأت، فرض شناسی اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی، ایسے بہادر اور نڈر شہری دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی حقیقی علامت ہی، شہید لیاقت کی قربانی قوم کے ہر فرد کے لیے مشعلِ راہ ہے ،قوم شہید لیاقت کی قربانی کبھی نہیں بھولے گی،شہید لیاقت جیسے بہادر شہری ہماری قوم کا اثاثہ ہیں۔
مزیدپڑھیں:جاپان کاہائپرسونک طیارے کے انجن کا کامیاب تجربہ
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کے بہادر عوام نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی قومی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دی جائے گی۔
وزیراعظم نے شہید لیاقت کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔













منگل 12 مئی 2026 
