بی آئی ایس پی میں 24 فیصد سے زائد اضافہ، لاکھوں خاندان مستفید ہوں گے

Calender Icon ہفتہ 16 مئی 2026

وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ (BISP)پروگرام کے تحت کفالت پروگرام سے مستفید ہونے والے لاکھوں خاندانوں کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے سہ ماہی مالی امداد میں نمایاں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکومتی فیصلے کے مطابق کفالت پروگرام کی رقم میں 24 اعشاریہ 14 فیصد اضافہ کیا جائے گا، جس کے بعد مستحق خاندانوں کو دی جانے والی امدادی رقم 14 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 18 ہزار روپے کر دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق نئی بڑھائی گئی رقم کا اطلاق جنوری 2027 سے ہوگا، جبکہ اس فیصلے کا مقصد بڑھتی مہنگائی کے دوران کم آمدن والے خاندانوں کو زیادہ مالی سہارا فراہم کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مستحق خاندانوں کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزیدپڑھیں:ٹویوٹا یارس کی قیمت میں بڑی کمی، صارفین کیلئے خوشخبری

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام حکام کے مطابق حکومت رواں مالی سال کے اختتام تک کفالت پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔ اسی سلسلے میں دو لاکھ نئے مستحق خاندانوں کو پروگرام میں شامل کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند افراد حکومتی امداد سے فائدہ اٹھا سکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے خاندانوں کی شمولیت کے لیے سروے اور تصدیقی عمل جاری ہے، جبکہ رجسٹریشن کے عمل کو مزید شفاف اور آسان بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ مالی امداد حقیقی مستحقین تک بروقت اور مؤثر انداز میں پہنچ سکے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ کفالت پروگرام میں رقم بڑھانے سے کم آمدن والے طبقے کو وقتی ریلیف ملے گا، تاہم مہنگائی پر قابو پانا بھی حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج رہے گا۔ دوسری جانب مستحق خاندانوں نے حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے ان کے گھریلو اخراجات پورے کرنے میں کچھ مدد مل سکے گی۔